اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان کے4رکنی بنچ نے دیامر بھاشا اور مہمندڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دادو سندھ میں نائی گچ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیامیربھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ اکاونٹ کا ٹائٹل تبدیل کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی مجھ سے اجازت لی تھی، بینچ سے اجازت نہیں لی گئی تھی جو کہ ضروری ہے، میں نے کہا ڈیم کی تعمیر کے لیے رقم آنی چاہیے کوئی شخصیت کا مسئلہ نہیں ہے۔
عدالت عظمیٰ کے 4 رکنی بینچ نے حکومت کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرکے نئے ٹائٹل حکومت نے پی ایم سی جے فنڈ رکھنے کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں فنڈریزنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔