کراچی: سندھ اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف اور بھاشا ڈیم کی حمایت میں قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔قرارداد متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ سمیت 3 صوبے کالا باغ ڈیم کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کرچکے ہیں۔ کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ منصوبہ ہے جس پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے لہذا ایسا منصوبہ جسے تین صوبوں کی عوام مسترد کرچکی ہے کسی صورت نہیں بننا چاہئے۔ آبی وسائل پر سب کا حق ہے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے سندھ کو نقصان ہوگا اور صوبے کے عوام کو کالا باغ ڈیم پر شدید خدشات ہیں۔
متحدہ اپوزیشن نے قرارداد کے زریعے بھاشا ڈیم کی تعمیر کو ملک کے لئے ناگزیر قرار دیا اور کہا ہے کہ بھاشا ڈیم پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے ہے اور اس منصوبے پر کسی کو خدشات نہیں ہیں۔ بھاشا ڈیم پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے ضروری ہے۔