اسلام آباد:بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کو دی گئی دھمکیوں پر عوام سمیت ملک بھر سے سیاسی رہنمائوں کی جانب سے ردعمل سامنےآرہا ہے،ملکی سیاستدانوں نےبھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کو گیدڑ بھبکیاں اور مودی حکومت کے مذاکرات سے بھاگنے کو انتخابی سیاست قرار دیا ہے۔
پی پی رہنما رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارت کو خطے کا ‘پولیس مین نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم کو خط میں کہا کہ وہ دہشت گردی پر بات کرنے کو تیار ہیں، کس کو علم نہیں کہ بھارت کا دہشت گردی پر کیا مؤقف ہے؟ کیا سب ایک سپر پاور کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔
سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ مودی پاکستان سے کبھی بات چیت نہیں کرے گا لہٰذا بھارت میں نئی حکومت کا انتظار کیا جائے۔
ن لیگی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومت سفارتی زبان استعمال کرے، دنیا کو بتائے کہ بھارت مذاکرات سے انکار کیوں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس کشمیر سرکریک اور سیاچن پر کہنے کو کچھ نہیں اسی لیے وہ مذاکرات سے بھاگتا ہے۔