مالک کو ماں سمجھنے والے بطخ کے بچے

 

سیئول: جنوبی کوریا میں ایک شخص نے بطخ کے 21 بچوں کو بڑے پیار سے پال رکھاہے ،بطخ کے یہ بچے نہ صرف ہر جگہ اس کا تعاقب کرتے ہیں بلکہ اس کا حکم بھی مانتے ہیں۔

بطخ کے بچے جنوبی کوریا کے اس شخص کو اپنی ماں سمجھتے ہیں ۔ پہاڑیوں پر چلتے ہوئے سارے بچے اس کا تعاقب کرتے ہیں اور ’ماں‘ سمجھتے ہوئے اس کا ہر کہنا مانتے ہیں، جس پر اس شخص کو ’ بابائے بطخ‘ قراردے دیا گیا ہے۔

یہ بچے ہر وقت اس کے ساتھ رہتے ہیں اور اس کے پیچھے چلتے رہتے ہیں۔ اگرچہ یہ شخص ان بطخوں کو قدرتی ماحول میں چھوڑنا چاہتا ہے لیکن اس سے قبل وہ ان کی تربیت کرکے اس قابل کرنا چاہتا ہے کہ وہ جنگل کے ماحول میں اپنی قوت کے بل پر زندہ رہ سکیں۔

https://youtu.be/_vBnTTyrw9M

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنوبی کوریا کے شہر سیئول سے باہر ایک پہاڑی علاقے میں بطخ کے بچے اس کے پیچھے چل رہے ہیں، جب وہ انہیں رکنے کو کہتا ہے تو سب رک جاتے ہیں اور جب وہ انہیں چلنے کا حکم دیتا ہے تو ساری بطخیں چل پڑتی ہیں۔ اس لحاظ سے یہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔