کراچی: بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں 5مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی، مفرور ملزمان میں حسین لوتھا، عارف خان، اعظم وزیر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے تینوں بیٹوں سمیت دیگر کی ضمانت پر رہائی کا آج آخری روز تھا اور تمام ملزمان بینکنگ کورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔
بینکنگ کورٹ کراچی میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے درخواست پر کارروائی کی مخالفت کی۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اومنی گروپ کے اکاؤنٹس سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ دینے سے روکا ہے جس پر انور مجید کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کرنے سے منع کیا ہے دلائل دینے سے نہیں۔
اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے جج نے کہا کہ پہلے سپریم کورٹ کا حکم نامہ پڑھ لیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔
انور مجید کے وکیل نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان پیش کرنے کا کہا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے پاس ہے اس لیے ہم ایف آئی اے کو چالان کے لیے ٹائم فریم کا کہہ سکتے ہیں۔
عدالت نے 5 مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی، مفرور ملزمان میں حسین لوتھا، عارف خان، اعظم وزیر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس از خود نوٹس کیس سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے اور گزشتہ روز اعلیٰ عدالت نے ماتحت عدالتوں کو حکم دیا تھا کہ کسی بھی قسم کا فیصلہ کرنے سے پہلے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے۔