لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت 12شخصیات کی طلبی سے متعلق عوامی تحریک کی درخواست خارج کردی اور سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نےعوامی تحریک کے جواد حامد کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور حمزہ شہباز کی طلبی کی درخواست مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، خواجہ آصف، چوہدری نثار، میجر(ر) اعظم اور ڈاکٹر توقیر شاہ کی طلبی کی استدعا بھی مسترد کردی۔
عدالت نے سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی طلبی کے نوٹس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔
جسٹس قاسم خان نے مشتاق سکھیرا کے فیصلے میں اضافی نوٹ بھی شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ عوامی تحریک کے جواد حامد کی درخواست پر فریقین وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 27 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جب کہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے انسداد دہشت گردی عدالت میں طلبی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔