اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔
سپریم کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی اہلیت محمد عادل چٹھہ نے چیلنج کردی۔ درخواست میں وزیراعظم عمران خان اور کابینہ ڈویڑن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ زلفی بخاری کی نامزدگی غیر قانونی ہے، دہری شہریت کا حامل شخص رکن قومی اسمبلی منتخب نہیں ہوسکتا، جو کام براہ راست نہیں ہو سکتا وہ بلا واسطہ بھی نہیں کیا جا سکتا اسلیے زلفی بخاری کو بطور معاون خصوصی کام کرنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست اور دوہری شہریت کے حامل ہیں،حکومت نے انہیں وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی مقررکیا ہے ،زلفی بخاری نے باقاعدہ عہدے کا چارج سنبھال کر کام بھی شروع کردیا ہے۔