راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت کے دور کو واپس نہیں آنے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان ضلع کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال، بارڈر مینجمنٹ اور ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو ڈسٹرکٹ میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (ٹی ڈی پیز) کی بحالی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ پائیدا امن و استحکام اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے خصوصی توجہ جاری رکھی جائے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت کے دور کو واپس نہیں آنے دیں گے اور یہ وزیرستان اور دوسرے اضلاع کے لیے ترقی پانے کا وقت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی جرات، لگن اور قربانی کے جذبےکو بھی سراہا۔