حکومت سے مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آج سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے، جس کے دوران پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جو ایک ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ہیرالڈ فنگر کریں گے جبکہ پاکستانی وفد میں سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری اقتصادی امورشریک ہوں گے۔

اس دوران آئی ایم ایف وفد کی خزانہ، تجارت، توانائی، پیٹرولیم، سرمایہ کاری اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال 8 ارب ڈالر کی مالی معاونت درکار ہے، تاہم پاکستان نے تاحال آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج کی درخواست نہیں کی۔