اسلام آباد :خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا کہ اس صدی میں عمران خان اور طیب اردگان ہی لیڈر ہیں، عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں بشریٰ بی بی نے سوشل میڈیا استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی قسم کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں رکھتیں، اس صدی میں عمران خان اور طیب اردگان لیڈر ہیں جبکہ عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ابتدائی تعلیم لاہور اور اسلام آباد میں حاصل کی۔ میری شادی جلدی ہو گئی اور 18 سال کی عمر میں مذہبی رجحان پیدا ہوا اور مجھے معلوم ہوا کہ یہ زندگی نہیں ہے بلکہ اس دنیا میں کچھ اور بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی انسان ایسا نہیں جو عمران خان کی برائی کرے، مجھے ملنے آنے والوں کا مقصد عمران خان سے ملنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا کہ وہ بہت سادہ آدمی ہیں، میں نے اپنی زندگی میں ایسا کوئی شخص نہیں دیکھا جس کے ملنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہو اور وہ سادگی کی زندگی بسر کرے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میں کسی قسم کا کوئی لالچ نہیں ہے اور وہ ہر چیز سے آزاد ہیں، ان کو کسی چیز سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایک مہینے میں تبدیلی چاہتے ہیں انہیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں کیونکہ اللہ اللہ کر کے قوم کو ایسا لیڈر ملا ہے جو لالچی نہیں ہے۔
عمران خان کے پاس کسی چیز کی کوئی کمی نہیں، پیسہ بنانے کا انہیں شوق نہیں اور عزت اللہ تعالیٰ نے بہت زیادہ دی ہے۔
خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان نے مجھ سے بہت کچھ سیکھا ہے لیکن میں کہتی ہوں کے ہم دونوں نے ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھا ۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے رب سے کوئی شکوہ نہیں ،پہلی زندگی میں میں ٹوٹل جائے نماز پر تھی لیکن اس زندگی میں سیکھا کہ عبادت بہت ضروری ہے لیکن انسانیت کی مدد سب سے ضروری ہے ،یہ بات میں نے خان صاحب سے سیکھی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی زندگی میں مجھے لگتا تھا کہ صرف عبادت ہی کرنی ہے لیکن جب یہاں آئی تو خان صاحب سے انسانیت سے متعلق بہت کچھ سیکھا ۔
بشریٰ بی بی نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک دن خان صاحب بہت تکلیف میں تھے ،میں نے ان سے اس کی وجہ پوچھی تو عمران خان نے بتا یا کہ بہت عرصے سے بارش نہیں ہو رہی جسکی وجہ سے میں تکلیف میں ہوں کیونکہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے پودے بے جان ہو رہے ہیں ،بارش ہو گی تو ان میں زندگی آئے گی ،پھر ہم دونوں نے درود شریف پڑھا اور بارش کے لیے دعا کی ۔بشریٰ بی بی نے بتا یا کہ پہلی زندگی میں میں نے پودوں سے متعلق اس بات کو نہیں سیکھا تھا ۔