بیرون ملک جائیداد رکھنے والوں کے نام شارٹ لسٹ

 

اسلام آباد: 3600 سے زائد افراد کی بیرون ملک جائیداد کا سراغ لگالیا گیاہے۔ حکومت نے ان میں سے 300 بڑی جائیداد رکھنے والوں کے نام شارٹ لسٹ کرلیے ۔نجی ٹی وی کے مطابق بیرون ملک جائیداد رکھنے والوں میں بیوروکریٹس ، کاروباری افراد اور دیگر شامل ہیں۔ بیشتر افراد نے جائیدادیں فرنٹ مین کے نام پر رکھی ہوئی ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا تخمینہ ہے کہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی جائیدادوں کی قیمت کا حجم 200 بلین ڈالرز سے زائد ہے۔ سندھ کے 175 سے زائد لوگوں نے عرب امارات اوربرطانیہ میں جائیدادیں رکھی ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بیرون ملک جائیداد رکھنے والے دیگرافراد کا تعلق کراچی سے ہے اور ان میں سے صرف3 اندرون سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ بیرون ملک جائیداد رکھنے والوں میں سے 105 افراد کو نوٹسسز دیے جاچکے ہیں۔ نوٹسز وصول کرنے والوں میں سے 65 افراد ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بیرون ملک جائیداد رکھنے والوں میں سے کچھ افراد نے موقف اپنایا کہ وہ اپنی جائیداد ٹیکس ایمینسٹی میں ظاہر کرچکے ہیں جب کہ بعض نے بیرون ملک جائیداد سے لاتعلقی ظاہر کی ہےجبکہ چند افراد نے بینک ٹرانسیکشن کے ذریعے جائیداد کی خریداری ظاہرکی ہے۔