اسلام آباد :امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والی جیورسٹ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحفظ ناموس رسالتﷺ اور ختم نبوتﷺ پر عالمی قانون سازی کے لیے جنوری 2019 میں لندن اور جنیوا میں انٹر نیشنل جیورسٹس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ،کانفرنسوں کے انتظامات کے لیے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، چیف جسٹس (ر) منظور گیلانی ، احمر بلال صوفی ، اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقدس ہستیوں کی توہین کو جرم قرار دینے سے متعلق ملکی اور عالمی سطح پر قوانین بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، جس طرح ممالک کے آپس میں معاہدے ہوتے ہیں اسطرح مقدس ہستیوں کی شان کا تحفظ کرنے کے لیے بھی معاہدے کیے جائیں ورنہ دنیا میں ہر طرف فساد ہی فساد ہو گا۔سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ ختم نبوتﷺ قانون کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں 295سی پر اثر انداز ہونے کے لیے سینیٹ میں بھی ایک بل پیش ہوا ہے، کسی قانون میں مدعی کو سزائے موت نہیں دی جا سکتی ،سینیٹ ایسا کوئی قانون پاس نہ کرے جس سے 295سی پر اثر پڑے، راجہ ظفر الحق کی کمیٹی کی رپورٹ اور جسٹس شوکت صدیقی کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے۔