راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان دہشت گردوں نے 49 شہریوں، 20 فوجی اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ان11 دہشت گردوں سے گرفتاری کے وقت اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا، جبکہ ان کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات کی سماعت ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں،فوج، تعلیمی اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے ان دہشت گردوں کے ہاتھوں 148 افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ چار دہشت گردوں کو قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں ۔