کراچی:پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی سیما ضیاء نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا بہت اچھا ہوا ہے،ملک میں جو بھی کرپشن کرے گا اس کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرپشن کرنے والوں کے ساتھ یہی کچھ ہونا چاہیے، جو بھی ملک میں کرپشن کرے اس کے ساتھ یہی کچھ ہونا چاہیے، چاہے وہ جہانگیر ترین ہوں یا کوئی اور ہو۔
تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹر سیما ضیاء نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اجلاس کا بائیکاٹ کرکے آئی ہوں، میری تقریر مکمل ہونے نہیں دی گئی صوبے کے ایشوز رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ 5 دنوں سے نازیبا الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں، تقریر کے دوران جہانگیر ترین کے لیے الفاظ ادا کیے، میرے کہنے کا مطلب تھا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
ڈاکٹر سیما ضیا نے مزید کہا کہ میرے منہ سے ایسی بات نہیں نکلنی چاہیے تھی، عدالت کا فیصلہ چاہیے کسی کے لیے بھی ہو ہم احترام کرتے ہیں،جہانگیر ترین قابل احترام ہیں، پارٹی کے لیے ان کی قربانیاں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔