کینیڈا فرار ہونے والی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کا سراغ مل گیا۔
ذرائع کے مطابق ائرہوسٹس فریحہ کینیڈا میں رہائش پذیرسابق ایئرہوسٹس ماہرہ کے ساتھ ہیں، ایئرہوسٹس ماہرہ بھی 2 سال قبل روپوش ہوگئیں تھیں۔
پی آئی اے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ایئرہوسٹس ماہرہ کینیڈا کےایک ہوٹل میں نوکری کر رہی ہیں، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی لاپتہ ایئرہوسٹس فریحہ مختار نے کینیڈا میں سیاسی پناہ لے لی ہے۔
ذرائع کے مطابق فریحہ مختار مبینہ طور پر موبائل فونز، کرنسی اسمگلنگ اور جعلی سند کی تحقیقات کے باعث کئی سال تک معطل رہیں جب کہ ان کی انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندی تھی تاہم مبینہ طور پر سیاسی اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے لاہور سے تعلق کے باوجود ٹورنٹو پرواز حاصل کرنے کے لیے خود کو کراچی کا رہائشی ظاہر کیا تھا۔
کینیڈا میں ان کے غائب ہونے کے باعث 11 ستمبر کی پی آئی اے کی پرواز ٹورنٹو سے ایک کیبن کریو کی کمی کے ساتھ واپس آئی اور اس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔