کراچی : کراچی میں لاپتا ہونے والی 8 ماہ کی فائزہ کی گمشدگی کا معمہ حل کرلیا گیا ، ڈی آئی جی ساوتھ جاوید عالم اوڈھونے کہاکہ کراچی میں اسکولوں سے بچوں کے اغواء کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ 12 ستمبر کو تھانہ نیپیئر کی حدود حسین پورہ سے نقاب پوش مرد یا عورت کی جانب سے 08 ماہ کی بچی کو زبردستی چھین کر فرار ہونے کا واقعہ پیش آیاجس کے بعد بچی کے والدین کی جانب سے اس واقعے کا مقدمہ درج کروایا گیا جس کے بعد انویسٹیگیشن ٹیم نے سی پی ایل سی کی مدد سے تفتیش شروع کرکے ایک مشکوک شخص کو شامل تفتیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مشکوک شخص کا نام عبد القادر اور سرجانی کے علاقے کا رہائشی ہے اور اس نے دوران تفتیش بتایا کہ بچی اس کی والدہ نے اپنی رضامندی سے خود بلاکر اس کے حوالے کیا تھا اور وہ اب بھی اس کے پاس ہے جس کے بعد اس کے گھر پر چھاپہ مار کر بچی کو برآمد کر لیا گیا۔کراچی میں بچوں کے اغواء کی اطلاعات پر انہوں نے کہا کہ کراچی کے اسکولوں سے کوئی بچہ اغواء نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے گھروں سے بھاگنے یا لاپتہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن میں ان سے زبردستی مزدوری کروانا، ماں باپ کی مار پیٹ، گھر میں روز مرہ کی لڑائیاں اور دوسرے عوامل شامل ہیں۔