جب بھی چورڈاکوکی بات کی جاتی ہےاپوزیشن واک آئوٹ کرجاتی ہے،فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ کرپشن پر جس آدمی کو پکڑیں کہتا ہے اس کے ساتھ ظلم ہو گیا ہےاور جب بھی چور ڈاکو کی بات کی جائے، اپوزیشن والے واک آؤٹ کر جاتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی آئی اے تباہ ہوگیا، پاکستان اسٹیل کا بیڑہ غرق ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کا برا حال ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ سعد رفیق ریلوے میں بے شمار کارکن بھرتی کر گئے جو صرف تنخواہ لیتے ہیں،جبکہ کراچی میں بھی یہی حال ہے، ملازمین صرف تنخواہ لینے آتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران دھواں دھار تقریر کی تھی جس پر احتجاجاً اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا، اس کے بعد فواد چوہدری نے حزب اختلاف کے ارکان سے معافی مانگ لی تھی۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو نانی یاد دلائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کو انہیں خود وزارت سے نکالنا پڑے گا۔