اسلام آباد: کویت سے آئے اعلٰی سطح وفد کے سربراہ کا دوران مذاکرات بریف کیس چوری ہوگیا جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گریڈ 20 کا افسر ضرار حیدر دونوں چیزیں چوری کرتے پکڑا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام اقتصادی امور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں شریک کویتی وفد کے سربراہ نے اجلاس ختم ہونے کے بعد اپنا بریف کیس چوری ہونے کا انکشاف کیا۔ جس پر اجلاس کے شرکاء پریشان ہوگئے اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن غضنفر جیلانی نے موقع پر ہی تحقیقات کی ہدایت دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بریف کیس چرانے والے ای اے ڈی کے افسرکی نشاندہی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بریف کیس چرانے والے افسر کی شناخت جوائنٹ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن ضرار حیدر کے طور پر ہوئی جس پر سیکریٹری ای اے ڈی غضنفر جیلانی نے سخت ایکشن لیا اور کویتی وفد کے سربراہ کا بریف کیس چرانے والے جوائنٹ سیکریٹری ضرار حیدر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔