کرپشن کی ہے تو میرے خلاف پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائیں اور انکوائری کریں،خورشید شاہ

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی کرپشن کی ہے تو پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائیں اور انکوائری کریں۔
سکھر میں اپنی رہائش گاہ پربات چیت کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کہتی تھی قرض نہیں لیں گے لیکن اب وہ بھی سابقہ حکومت کی روایت پر قرضے لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےہمیشہ روزگار دیا، جبکہ یہ حکومت روزگار دینے کے بجائے روزگار چھیننے جارہی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حق میں ہے لیکن نہ چندے سے ڈیم نہیں بنتے ہیں اور نہ ہی کسی پر عائد جرمانہ ڈیم بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے خلاف بولنے والوں پر مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ میری زندگی کھلی کتاب ہے، میں عام انتخابات میں 8 مرتبہ کامیاب ہوا ہوں اورمجھ پرعوام کا اعتماد ہے، میں نے یا میرے اہل خانہ نے کسی کی ایک انچ زمین پرقبضہ نہیں کیا، میں نے 10 سے 15 ارب کی زمینی خالی کرائیں، اگرمیں نے کوئی کرپشن کی ہے تو پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائیں اورتحقیقات کریں۔