لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے ریلوے کا مردہ گھوڑا ہمارے ہاتھ سے زندہ کروانا تھا ،ان سے حکومت سنبھالی نہیں جا رہی ، ناتجربہ کاری اور نااہلی سے کام لیا جا رہا ہے ۔ ریلوے کے موجودہ وزیر جہالت کا ثبوت دے رہے ہیں ، دیانتدار افسروں کو رگڑا لگایا جا رہا ہے،ہم جو ادارے ٹھیک کر کے گئے تھے حکومت انہیں خراب کررہی ہے۔
رہنمان لیگ خواجہ سعدرفیق نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 131 میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سی پیک کو رول بیک کرنے کی اپنی کوشش ترک کردے ، نئے پاکستان میں بجلی، گیس سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں کوئی سول سرونٹ کسی فائل پر دستخط نہیں کرے گا ، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سازش کر کے ضمنی الیکشن جیت جائے ،اسی وجہ سے حکومت ہمارے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان صاحب الیکشن لڑیں ، بدلہ نہ لیں ، انتقام نہ لیں ، حکومت اور مد مقابل کو پتہ ہے کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکتے ، میرا مد مقابل مہینہ بھر پہلے میری پارٹی میں تھے ، اس وقت کیا ہم سونے کے بنے ہوئے تھے اور اب پیتل کے بن گئے ہیں کیا ،لوگوں کو پتہ ہے میرے مدمقابل نے ایک دھیلے کا کام نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا حافظہ اتنا بھی کمزور نہیں انہیں سب خبر ہے ، اللہ تعالی نے ریلوے کا مردہ گھوڑا ہمارے ہاتھ سے زندہ کروانا تھا ،ان سے حکومت سنبھالی نہیں جا رہی ، ناتجربہ کاری اور نااہلی سے کام لیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ امور میں بھی ان کی نااہلی صاف نظر آ رہی ہے ، حکومت سی پیک کے منصوبے کو بھی سبو تاژ کررہی ہے ، بھارت اپنی مہم جوئی سے باز نہیں آرہا ، افغانستان سے بھی تعلقات نارمل ہیں۔