اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔
سعودی وفد پاکستان میں 6 روز قیام کرے گا جس کے دوران کئی اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران گوادر پورٹ اور ریکوڈک منصوبے کا دورہ بھی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے گرانٹ کا معاملہ اور ادھار تیل سپلائی پر بھی سعودی وفد سے بات ہوگی اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو ایل این جی میں شراکت داری، داسو اور دیامر بھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بلوچستان کے ریکوڈک منصوبے میں سونے اور تانبے کی تلاش میں سرمایہ کاری اور پاکستان کو فاسفیٹک کھاد کی فراہمی کے ایم او یوز پر دستخط کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان پہنچنے والے وفد میں مہمان وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر شامل نہیں، وہ کل اسلام آباد پہنچیں گے۔