اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نیک نیتی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور فوج اور عدلیہ حکومت کی پشت پر کھڑے ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ادارے اور کابینہ ایک دوسرے کے ساتھ نہ ہوں تو معاملات میں بہتری مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہم نے کرپشن کو تسلیم کر لیا تھا، وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ تقریباً ایک ارب کے قریب تھا جو کم ہو کر چند لاکھ روپے تک آگیا ہے۔ لوگوں کے پاس دوائی کے پیسے نہیں، وزیراعظم کس طرح شاہانہ انداز میں رہ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم بھی اورنج لائن جیسے کھلونے بنا کر 5 سال پورے کر سکتے ہیں، ہماری سیاست پر تنقید بھی بہت ہو گی اور تعریف بھی بہت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تبدیلی کے مراحل طے کر کے یہاں تک پہنچے ہیں اور عمران خان کی ذات خود تبدیلی کا بہت بڑا استعارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس موجودہ نظام صحت، تعلیم اور سیکیورٹی صورت حال سے مطمئن نہیں، پی ٹی وی اور ریلوے سمیت دیگر ادارے بھی خسارے میں ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک نظریہ بن کر ابھرے ہیں، ملک کی مڈل کلاس ہماری سیاست کا محور ہے، صحت، تعلیم اور صفائی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور ہمارا ووٹر ہم سے زیادہ امیدیں رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تصویر کے بغیر ہم اسمبلی میں آنے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے، عمران خان صاحب کی پوری زندگی مکمل جدوجہد کی داستان ہے
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے اقتدار چھوڑا تو 6 ہزار کروڑ روپے کا قرضہ تھا، آصف زرداری نے اقتدار چھوڑا تو ملک 13 ہزار کروڑ روپے کا مقروض تھا اور نواز شریف گئے تو ملک پر قرضہ 28 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں قرضے کم سے کم لیں، سعودی عرب کا وفد توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے پہنچ چکا ہے۔