بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے،وزیراطلاعات پنجاب

راولپنڈی: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن بھارت نے غلط سمجھا، انہوں نے کہاکہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مودی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے یہ سب حرکتیں کر رہا ہے،
انہوں نے کہاکہ عوام کوبیت الخلاء کی سہولت نہ دینے والی بھارتی حکومت سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈرامہ کر رہی ہے۔ ‘مودی سن لے کہ پوری قوم پاکستان کی فوج کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مودی کو ساڑھیاں گفٹ کرنے والا شخص وزیر اعظم نہیں ہے، وہ وقت گیا جب پاک فوج اور حکومت میں دوریاں تھیں، آج وہ شخص وزیراعظم ہے جو پاک فوج کے ساتھ ایک کتاب، ایک صفحے اور ایک سطر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاتون اوّل کی بیٹی کوساڑھے 7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کی خبریں غلط ہیں، سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف جھوٹی مہم چلائے جانے کی مذمت کرتا ہوں، میاں فیملی کو چاہیے جو تھوڑا وقت جاتی امراء میں مل رہا ہے توبہ استغفار کریں۔
انہوں نے کہا کہ 70 سال کی غلاظت ختم کرنے میں کچھ وقت لگے گا اور شہباز شریف نے ہیڈ اور لانگ شوز پہن کر صرف انگلی ہلائی ہے۔