جرمن چانسلرانجیلامرکل کاوزیراعظم کوٹیلی فون منصب سنبھالنےپرمباکباد دی

اسلام آباد:جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا وزیراعظم عمران خان کوٹیلی فون ،وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اطلاعات کے مطابق جرمن چانسلر نے وزیراعظم کو جرمنی کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

دوران ٹیلی فونک گفتگو انجیلا مرکل نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ گفتگو کر کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی سطحوں پر باہمی مفاد کے امور پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پروزیر اعظم عمران خان نے جرمن چانسلر کو علاقائی صورتحال بالخصوص افغانستان کے مسئلے کے پُرامن حل اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیاجبکہ وزیر اعظم عمران خان نے جرمن چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو باہمی مفاد میں وسیع البنیاد اور طویل المدتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور آٹوموبائل سیکٹر میں تعاون اور پن بجلی کی پیداوار کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے جامع مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔