حکومت کی سعودیہ سے تیل ادھار لینے کی باضابط درخواست

 

اسلام آباد :حکومت نے سعودی عرب سے روزانہ 2لاکھ بیرل خام تیل ادھار لینے کی باضابط درخواست کردی ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے دوران باضابط درخواست کی گئی ہےکہ پاکستان کو روزانہ 2 لاکھ بیرل ادھار پر تیل چاہیے، پاکستان کو کم از کم 90 روز کے لیے تیل ادھار پر دیا جائے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کے مشیر برائے توانائی، صنعت اور معدنی وسائل احمد حمید الغامدی نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب سے ملاقات کی۔سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ، سعودی عرب کو بجلی پیداوار اور ترسیل میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔ پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے سعودی وفد کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن چکا ہے جہاں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع ہیں۔پاکستان سرمایہ کار دوست ملک بن چکا ہے جو سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولیات اور سیکورٹی فراہم کرتا ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی پیداوار اور ترسیلی نظام میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں، بجلی پیداواری کے شعبوں میں پانی، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے بہت مواقع ہیں۔ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی کے شعبوں پر کام کر رہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی وفد کے طویل دورےمیں دونوں ممالک میں گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پیڑولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم مفاہتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔