لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نےکہاکہ جس طرح پی ٹی آئی کو اکثریت دی گئی یہ ساری دنیا کو پتہ ہے،انہوں نے آئندہ 2 ماہ بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ دو ماہ بہت اہم ہیں پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔
رانا مشہود نےکہاکہ پنجاب میں تحریک انصاف کے پاس معمولی اکثریت ہے جنہوں نے پی ٹی آئی کو اکثریت دی ہے وہ پرانے دوست اور ساتھی ہیں اور اب وہاں چینج آف ہارٹ (دلوں کی تبدیلی) دیکھنے میں آرہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ اب اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں اور معاملات کو درست کرنے میں شہباز شریف کا بہت بڑا کردار ہے،انہوں نے کہاکہ شہبازشریف تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں، یہ ادارے ہمارے اپنے ہیں اور ان اداروں کی عزت میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔
رانا مشہود نے تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ لوگ جھوٹ بولتے رہے کہ ان کے پاس ماہر لوگ ہیں لیکن جہانگیر ترین کے لیے کھاد اور چینی کو مہنگا کر دیا گیا، پیٹرول و گیس بھی مہنگی کردی گئی۔
رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ پنجاب میں آزاد امیدواروں سے جو وعدے کیے گئے وہ وفا نہیں ہوئے اور وہ اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔