اسلام آباد: لیگی رہنما رانا مشہود کے اسٹیبلشمنٹ اور اداروںسے متعلق دیے گئے بیان کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے جس میں ن لیگ کے رہنما کے بیان کو بے بنیاد اور افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہاکہ رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہےجبکہ ایسے غیر ذمے دارانہ بیانات ملکی استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ سے اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے معاملات بہت حد تک ٹھیک ہوچکے ہیں، اداروں کے تِھنک ٹینک کو احساس ہوتا جارہا ہے کہ شہباز شریف وزیر اعظم کیلئے بہتر چوائس تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اگر وزیراعظم ہوتے تو ملک کو یہ حالات دیکھنے نہیں پڑتے، شہباز شریف ہمیشہ سے اسٹیبلشمنٹ کےلیے قابل قبول رہے ہیں، الیکشن میں جیتنے والی پارٹی کو گھوڑا سمجھا گیا تھا وہ خچر نکلے، آئندہ 2 ڈھائی ماہ اہم ہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کی اکثریت بہت معمولی ہے، وہاں حالات بدل سکتے ہیں۔