قومی احتساب بیورو(نیب) کو پنجاب 56 کمپنیز اور ہاؤسنگ سوسائٹیزمیں کرپٹ افراد کے خلاف اہم ثبوت مل گئے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت لاہور نیب میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے میگا کیسز کی تحقیقات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ نیب کو پنجاب 56کمپنیزاور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کرپٹ افراد کے خلاف اہم ثبوت ملے ہیں، پنجاب کمپنیز میں کئی افراد کو مہنگے داموں ٹھیکے دے کر قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کمپنیزکیس؛ افسران سے 31 کروڑ30 لاکھ روپے واپس لے لیے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے شرکاء کو بتایا کہ کہ سرکاری اداروں سے بے ضابطگیوں اورمبینہ کرپشن کا اہم ریکارڈ مل گیا اور سیاست دانوں کے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق تحقیقات اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائیں گے، انہوں نے ہدایات دیں کہ میگا کیسز میں قانون، میرٹ اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور تمام شکایات کی جانچ پڑتال اور انکوائریاں مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں۔