لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کیس: فاروق ستار پر فرد جرم عائد

کراچی: مقامی عدالت نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق سربراہ فاروق ستار اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں فاروق ستار اور دیگر کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے فاروق ستار اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ خلاف ورزی کے دونوں مقدمات کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے 23 ستمبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نےفاروق ستار کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن سے مقدمے کی فائل طلب کرتے ہوئے سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کی تھی ۔