سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم کامیاب

لاہور: پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم کامیاب ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔
چوہدری غلام سرور کے گورنر پنجاب بننے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر تحریک انصاف کے شہزاد وسیم اور مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان کے درمیان مقابلہ تھا۔
سینیٹ کی نشست کے لیے ہونے والے ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر پنجاب اسمبلی کے 351 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم 181 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان کو 169 ووٹ ملے۔
پی ٹی آئی کے نومنتخب سینیٹر ڈاکٹر وسیم شہزاد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ووٹ دینے والے پی ٹی آئی ممبران اور اتحادیوں کا شکر گزار ہوں۔
ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ ایوان بالا میں بھرپور کردار ادا کروں گا اور تحریک انصاف ملک کر آگے لے کر جائے گی۔