اسلام آباد:اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان رواں ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق کرلیا۔
ملک میں سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہوگیا اور اپوزیشن متحرک ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات کی
بعد میں شہبازشریف وفد کے ہمراہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملنے جا پہنچے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک پاکستان کی حکومت خود بتارہی ہے کہ وہ کسی کے سہارے حکومت کر رہے ہیں۔
ن لیگ کے وفد کی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجزمیں ملاقات ہوئی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات کیلئے مشترکہ امیدوار لائیں گے، ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدواروں کی حمایت کریں گے، ضمنی انتخابات سے متعلق دوسری جماعتوں سے بھی بات کررہے ہیں۔
سینیئر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان قائرہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کرے گی،کراچی، رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کو ن لیگ سپورٹ کرے گی، این اے 103 پر مشترکہ امیدوار سے متعلق مشاورت نہ ہو سکی، پنجاب میں پیپلزپارٹی ن لیگ کو سپورٹ کرے گی اور مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گے۔