تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے سرکاری اجلاسوں کی صدارت کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست گزار نے یہ نکتہ اٹھایا کہ جہانگیر ترین کو عدالت عظمیٰ نے نااہل قرار دے رکھاہے لہٰذا وہ سرکاری اجلاسوں کی صدارت نہیں کرسکتے۔
جہانگیر ترین کےخلاف یہ درخواست مقامی وکیل کی جانب سےدائر کی گئی، درخواست گزارنے نشاندہی کی کہ جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے رکھا ہے لیکن اس کے باوجود وہ وزیراعظم سیکریٹریٹ میں حکومتی اجلاسوں کی صدارت کرتے نظر آتے ہیں۔
ایسا کرنا عدالتی احکامات سے روگردانی کے مترادف اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے، استدعا ہے کہ جہانگیر ترین کو حکومتی اجلاسوں کی صدارت سے روکا جائے اور ان کے حکومتی اجلاسوں کی صدارت پر مستقل پابندی لگائی جائے۔