پاک فضائیہ نے چیف جسٹس کو ڈیم فنڈ کیلئے 10کروڑ کا چیک دےدیا

چیف جسٹس ثاقب نثار کو پاک فضائیہ نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کےلئے 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کردیا ہے ۔
چیف جسٹس نے پاکستان ایئرفورس کمپلیکس کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی ۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ایئرچیف مارشل مجاہدانور کی دعوت پر پی اے ایف کمپلیکس کا دورہ کیا ۔
چیف جسٹس پاکستان نے فضائیہ کے افسران کو عدلیہ کے کردار پر لیکچر دیا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے دیا میر بھاشا ڈیم کے لیے سپریم کورٹ کے کردار کو سراہا۔ائیر چیف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہے گی۔
چیف جسٹس نے اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کیا اورپاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔بعد ازاں چیف جسٹس نے پاک فضائیہ کے افسران اور ائیرمین سے خطاب کیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کی طرف چیف جسٹس کو دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔