کراچی:کراچی میں ایک اور بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جب کہ این ٹی ڈی سی نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی عدم فراہمی کا کے الیکٹرک کا مؤقف مسترد کردیا۔
شہر میں آج بھی صبح تقریباً سوا 6 بجے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جس کے حوالے سے شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ای ایچ ٹی ٹرپنگ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
بجلی سے متاثرہ علاقوں میں ڈیفنس ویو، اختر کالونی، محمود آباد، کشمیر کالونی، ٹیچرز سوسائٹی، ملیر، ماڈل کالونی، طارق بن زیاد کالونی، گلستان جوہر بلاک 8 اور نارتھ کراچی سرسید ٹاؤن شامل ہیں۔
گلبرگ، کلفٹن بلاک 4، گلشن، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور کورنگی کے مختلف علاقے بجلی کے بریک ڈاؤن کا شکار بنے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ای ایچ ٹی ٹرپنگ کے باعث کراچی میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے اور نیشنل گرڈ سے بھی سپلائی منقطع ہے تاہم بحالی پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ نیشنل گرڈ سے 650 میگاواٹ بجلی مسلسل شہر کو فراہم کی جاتی ہے، صبح ساڑھے 6 بجے نیشنل گرڈ سے سپلائی اچانک بند ہوئی اور صبح 8 بجے بجلی کی فراہمی بحال ہوناشروع ہوئی۔
دوسری جانب ترجمان این ٹی ڈی سی نے کے الیکٹرک کے نیشنل گرڈ سے بجلی منقطع ہونے کے مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ نیشنل گرڈ سے کراچی کو بجلی کی فراہمی جا رہی ہے، شہر میں لوڈشیڈنگ سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی کا کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ صبح 6 بج کر20 منٹ پر خرابی آئی تھی جسے 7 بج کر 30 منٹ پر ٹھیک کردیا گیا تھا اور اس وقت بھی کراچی کونیشنل گرڈ سے معاہدے کے مطابق پوری 665 میگاواٹ بجلی فراہم کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز کے دوران بجلی کا یہ دوسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے جس سے آدھے سے زائد شہر بجلی کی فراہمی سے متاثر ہوا۔