رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش

کراچی:سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ پر تیمور تالپورکے سندھ اسمبلی میں بیان کے معاملے پر رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپور اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ اور ووٹوں کی خرید و فروخت کی سب بات کرتے ہیں، ایک جماعت نے بھی ہارس ٹریڈنگ پر اپنی جماعت کے ارکان کو جماعت سے نکالا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ایک آدمی اپنے کچن میں بیٹھ کر 5 کروڑ لیتا ہے، الیکشن کمیشن کو کیا پتہ، آپ شواہد دیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔
تیمور تالپور کےوکیل نے استدعا کی کہ تیمور تالپور کی تقریر 25منٹ کی تھی،میڈیا نے اس تقریر کو غلط تناظر میں پیش کیا، ہم نے کسی پر ذاتی حیثیت میں الزام نہیں لگایا۔
رکن سندھ اسمبلی تیمورتالپور نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اپنے بیان میں کوئی یوٹرن نہیں لیا، اپنا مؤقف عدالت میں بیان کردیا ہے، اب اسے ہی فیصلہ کرنے دیں۔