اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری اداروں میں تعیناتیوں اور معاشی حکمت عملی سے متعلق امور پر غور کیا گیا، جبکہ گوادر میں آئل ریفائنری کے لیے پاک سعودی شراکت داری کے معاہدے کی منظوری سمیت کئی اہم فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ضمنی مالیاتی بل منظور ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور معیشت میں بہتری کے لیے اقدامات پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے ترکی کے تعاون سے نیشنل اسکل یونیورسٹی کے معاہدے کی توثیق کی جب کہ مانٹری اینڈ فسکل پالیسی بورڈ میں ممتاز معیشت دانوں کے تقرر کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کے لیے میجر جنرل عارف کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزیر خزانہ کو حاصل مختلف اداروں میں از خود تقرریوں کا اختیار واپس لے لیا جس کے بعد وزیر خزانہ صرف وزیراعظم کی اجازت سے ہی تقرریوں کے پابند ہوں گے۔