اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین کے لیے گیس 10 فیصد سے 143 فیصد تک مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی جانب سےجاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں 10 سے 143 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق 27 ستمبر سے ہوگا،نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ گیس استعمال کرنے والوں کے لیے گیس 15 فیصد فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے جب کہ ماہانہ 200 یونٹ کے استعمال پر 20 فیصد اور 500 یا اس سے زائد یونٹس کے استعمال پر صارفین کے لیے گیس 143 فیصد مہنگی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کھاد سیکٹر کے لیے بطور فیول گیس 40 فیصد فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے جب کہ کھاد سیکٹر کے لیے گیس بطور خام مال 50 فیصد فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔
کمرشل سیکٹر کے لیے گیس 40 فیصد مہنگی کی گئی ہے جب کہ سیمنٹ سیکٹر کے لیے 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 94 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
چیئرمین سی این جی ایسو سی ایشن غیاث پراچہ نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں اضافے کو عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے فیصلے پرنظرثانی کرے۔ان کا کہنا تھا کہ نئی گیس کی قیمتوں سے سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو تک اضافہ متوقع ہے۔