اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں بنی گالہ تجاوزات کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثارنے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ آپ کی ملکیت تو بالکل ٹھیک ہے لیکن عمران خان نے تعمیرات کسی منظوری کے بغیر کی ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان درخواست گزار ہیں،ریگولر کرانے کے لیے پہلا قدم اٹھائیں۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سی ڈی اے کی جانب سے نوٹس مل چکا ہے اور 15 دن کے اندرہم اپنا جواب جمع کروا دیں گے۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کیا جواب جمع کروائیں گے وہ ہی مبہم سا نقشہ جمع کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ملکیت تو بالکل ٹھیک ہے لیکن کسی ادارے سے آپ کا نقشہ منظور نہیں ہوا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سی ڈی اے اس حوالے سے کوئی ڈیپارٹمنٹ بنائے جو اس جیسے نقشوں کی منظوری دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق سروے آف پاکستان کی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات کیں ان سے جرمانے لیے جائیں، حکومت اپنے جرمانے بھی ادا کرے اور دوسرے لوگوں سے بھی لے، گھر ریگولرائز کرانے کے لئے سب سے پہلے عمران خان کوفیس ادا کرنا ہوگی۔