اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنا قانونی حق استعمال کروں گا، امید ہے بی بی قتل کیس میں ہمیں انصاف ملے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عدلیہ سے ہمارے خاندان کا پرانا تعلق ہے، ہم تین نسلوں سے عدالتوں میں آتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر قتل کیس میں جن سہولت کاروں کے ڈی این اے میچ ہوئے تھے انہیں بھی بری کردیا گیا، پرویز مشرف کےبارے میں کوئی فیصلہ ہی نہیں دیاگیا، وہ بھاگے ہوئے ہیں، بی بی کو سب نے کہا تھا کہ آپ کی جان خطرہ میں ہے، سیکیورٹی خدشات کے باوجود بی بی کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
چیئرمین پی پی کہنا تھاکہ ذوالفقار بھٹو کا نواسہ ہوں اپنا قانونی حق استعمال کروں گا، سپریم کورٹ میں سب قابل احترام ججز ہیں، امید ہے بی بی قتل کیس میں ہمیں انصاف ملے گا، میں اب ان اداروں سے خود انصاف مانگنا چاہتا ہوں۔