جعلی بینک اکاؤنٹس: سندھ حکومت سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے جے آئی ٹی نے سندھ حکومت کے تمام بینک اکاؤنٹس کی 10 سال کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔
دس سال میں ہونے والی کھربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مانگا گیا ہے، جے آئی ٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تمام اکاؤنٹس کی بینک اسٹیٹمنٹ متعلقہ افسر کے دستخطوں کے ساتھ فراہم کی جائے، بیمار صنعتوں کے ڈائریکٹروں کی تفصیلات دی جائیں۔
جے آئی ٹی کی جانب سے 10 سال میں محکمہ آبپاشی اور کمیونیکشن ورکس کے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں اور کہا گیا ہے کہ بتایا جائے 10 سال میں دونوں محکموں میں کتنی مالیت کے اور کتنے ٹھیکے دیے گئے۔
صوبائی حکومت کو لکھے گئے خط میں 10 سال میں دیے گئے تمام ٹھیکے، ٹھیکوں کے نام، پتے اور شناختی کارڈز کی تفصیلات تک مانگی گئی ہیں جب کہ خط میں سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔