اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نےصدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے قبل نہ کوئی وارنٹ دیا گیا اور نہ ہی کچھ بتایا گیا،اس طرح شہبازشریف کی گرفتاری پارلیمان کی بے عزتی اور ملک دشمنی ہے،
انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا گیا اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کرلیا گیا، جب کہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں حکومت کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا اور ناہی ایک انچ زمین دی گئی، یہ خالصتاً عوامی منصوبہ تھا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو یہ تکلیف ہے کہ شہبازشریف نے ناصرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کی خدمت کی، 5000 میگا واٹ بجلی پیدا کی، پسماندہ علاقوں کو موٹروے سے جوڑا، سستا انصاف فراہم کیا، عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کیں اور دنیا بھر میں شہبازشریف کی حکومت کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پر حکومتی وزرا نے بیان دیا کہ یہ پہلی گرفتاری ہے اور ابھی مزید گرفتاریاں ہوں گی، اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ صدر (ن) لیگ کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ(ن) نےکہا کہ یہ مسلم لیگ کی قیادت کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہوا صرف تاریخ دہرائی جاری ہے، نئے نئے نامزد وزیراعظم جان لیں ہم آمر کے دور سے گزر چکے ہیں اور ثابت قدم رہے، عام انتخابات سے قبل نوازشریف کو گرفتار کرنا اور اب ضمنی انتخابات سے قبل شہبازشریف کی گرفتاری الیکشن سے قبل دھاندلی ہے، حکومت اپنی واضح شکست دیکھ کر سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے، لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ حکومتی وزرا کے اس بیان پر کارروائی ہونی چاہیے، انہوں نے نیب کی کارروائی پر مداخلت کی اور پیش گوئی کی ہے کہ مزید لوگوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا۔