کراچی:پیپلز پارٹی کی ر ہنما نفیسہ شاہ نے کہاکہ احتساب ہوناچاہئے لیکن سب کاہونا چاہئے ، شہبازشریف اپوزیشن لیڈر بھی ہیں اور ان کو گرفتار کرلیاگیاہے ، اس طریقہ کار میں سوالات اٹھتے ہیں کہ وہ ایک ایشو پر آئے تھے لیکن ان کو دوسرے ایشو میں گرفتار کرلیاگیا ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں وائٹ کالر کرائمز بہت ہوئے ہیں، یہ جو منصوبوں کے فرانزک آڈٹ ہورہے ہیں ، اس پر چیزیں سامنے آئیں گے لیکن عارف علوی کو استثنیٰ دیا گیا اور علیم خان کو کوئی نہیں پوچھتا ہے ،کوئی دور ایسانہیں گیا کہ جب پیپلز پارٹی کی قیادت پر مقدمات نہ بنائے گئے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایک پہلو یہ بھی ہے کہ دس دن بعد ضمنی انتخابات ہورہے ہیں اور شہبازشریف کوگرفتار کرلیاگیا، اگر کھیل کے دوران ایک فریق کو باندھ کربٹھا دیا جائے تو کھیل کیسے ہوگا ؟ انتخابات میں بھی یہی کچھ ہوتاہے اور اس حوالے سے سوالات تو اٹھیں گے ۔