اسلام آباد: ضمنی انتخاب سے قبل انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 27 جہلم کے ریٹرننگ افسر نے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی فواد چوہدری اور غلام سرور خان کو شوکاز نوٹسز جاری کیے ہیں۔
نوٹس ریٹرننگ افسر خورشید عالم نے مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ پر جاری کیے ہیں جس کے مطابق کھیوڑہ پنڈ دادن خان انتخابی حلقہ پی پی 27 کی حد میں ہے اور انتخابی حلقے میں ایم این ایز، ایم پی ایز اور وزراء کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران انتخاب میں حصہ لینے والا امیدوار بھی وزراء کے ہمراہ موجود تھا، عوامی اجتماع میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے اعلانات کیے گئے اور عوامی اجتماع سے خطاب اور حلقے کا دورہ کرکے انتخابی مہم میں حصہ لیا گیا۔
نوٹس میں آر او نے دونوں وزراء کو 9 اکتوبر کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار کے ساتھ انتخابی مہم چلانے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وضاحت دیں، اگر وضاحت نہ دی گئی تو معاملہ مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کے سپرد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی پی 27 سمیت ملک بھر میں 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن منعقد ہو رہے ہیں۔