اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہے اور نیب کے ذریعے سیاسی انتقام لے رہی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا لیکن آشیانہ کیس میں گرفتارکیا گیا، ایسا کیس جو تفتیش کے مرحلے میں ہے اس میں گرفتارکیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ اس کیس میں ایک روپے کی کرپشن نہیں کی گئی، پنجاب میں خوشحالی پرشہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، یہ شہراور اس صوبے کے ساتھ زیادتی ہے جب کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جتنے احسانات شہبازشریف کے پنجاب پر ہیں وہ پوری دنیا جانتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے، مخالفین ہمیں سیاست میں شکست نہیں دے سکے، پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہے اور نیب کے ذریعے سیاسی انتقام لے رہی ہے، حکومت ایسےاقدامات کرے گی توکارکنوں کا ردعمل فطری ہے جب کہ اس طرح کارروائیاں اورسیاسی انتقام پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی ہوئے ہیں۔