لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے ۔
ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی جانیوالی قرارداد میں شہبازشریف کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں ، نیب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا ہے۔
قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب نے صاف پانی کیس میں بلایا اور گرفتاری آشیانہ اسکینڈل میں کی، قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ جنرل الیکشن سے قبل میاں نواز شریف کی گرفتاری اور ضمنی الیکشن سے قبل میاں شہباز شریف کی گرفتاری نے کئی سوالات اٹھا دیے ہیں ۔
نیب ایک ایسا مردہ گھوڑاہے جس کو صرف ن لیگ کیخلاف استعمال کرنے کیلئے زندہ کیا گیا ہے ، احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، اگر حکومت نے ضمنی انتخابات سے قبل میاں شہباز شریف کو رہا نہ کیا تو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔