لیہ: محکمہ صحت پنجاب نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوزائیدہ بچوں کیلئے ایکسپائر ملٹی وٹامن خوراک تقسیم کردی۔
زائدالمیعاد خوراک کی تقسیم سے بچوں کی زندگیاں خطے سے دوچار ہوگئیں تاہم محکمہ صحت کے حکام نے اس سنگین غفلت پر آنکھیں بند کر لیں۔
پنجاب بھر میں ماں اور بچے کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ہفتہ صحت و غذائیت منایا جا رہا ہے۔ لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن میں محکمہ صحت کے عملہ کی جانب سے نیوٹریشن ویک کے دوران 6 سے 24 ماہ کے بچوں میں غذائی کمی دور کرنے کیلئے ملٹی وٹامن ساشے بلامعاوضہ فراہم کیے جا رہے ہیں، تاہم یہ ساشے گزشتہ ماہ ایکسپائر ہو چکے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ سے زائد بچوں کو یہ خوراک دی جاچکی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے زائد المیعاد ساشوں کی فراہمی بچوں کی زندگیوں کو خطرہ سے دوچار کر سکتی ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔