لاہور: مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع پارٹی سیکریٹریٹ میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں سی ای سی کے ارکان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شہبازشریف کی گرفتاری، وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس اور ضمنی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بعض ارکان نے شہبازشریف کی گرفتاری کے رد عمل میں سڑکوں پر احتجاج کا مشورہ دیا اور بعض نے رائے دی کہ ملکی مفاد میں سڑکوں پر احتجاج نہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیاہے جب کہ وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر بھی پارلیمان میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلم (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو نیب نے گزشتہ روز آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا اور عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے رکھا ہے۔