اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان کے نام سے ملک بھر میں صفائی مہم کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کے ملک کو صاف ستھرا اور ہرا بھرا رکھنے کے عزم کے تحت اس صفائی مہم کا آغاز ملک بھر کے تمام بڑے شہروں سے ہوگا۔
اسلام آباد میں صفائی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے مہم کے ذریعے لوگوں کے ذہن تبدیل کرنے ہیں، کیونکہ ہر بڑے کام کا پہلے تصور بنتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس صفائی مہم کے چار پہلو ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو ماحولیات اور صفائی سے آگاہ کرنا ہے اور انہیں بتانا ہے کہ ملک کو صاف رکھنا کتنا ضروری ہے۔
مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر تحصیل اور گاؤں کی سطح پر کچرے کی ڈمپنگ سائٹس بنائی جائیں گی اور صفائی مہم میں تحصیل لیول پر مقابلہ کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی مہم میں حکومت، سول سوسائٹی اور طلبہ سب شریک ہوں گے۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جیسے جیسے صفائی ہوگی، مہم بڑھتی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے ایمبسڈر بھی بنائے جائیں گے جبکہ صفائی مہم مانیٹر کرنے کے لیے نوجوانوں کو نوکریاں بھی مہیا کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ علماء سے بھی درخواست کی جائے گی کہ جمعہ کو مساجد سے صفائی کے لیے اپیل کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2023 تک ملک میں ٹوائلٹس کی کمی کو پورا کرلیا جائے گا جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو بھی ٹوائلٹس صاف رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی حکومت مسائل حل نہیں کرسکتی، اگر ہم سب عزم کرلیں تو سب کچھ ٹھیک ہوسکتا ہے۔