آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلے میں شہید افراد کی 13ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
مظفرآباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں شہداء کی یاد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران 8 بجکر 52 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پولیس کے دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی دی۔
ضلع باغ کی مرکزی جامع مسجد باغ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بالاکوٹ میں بھی سوگ کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
قیامت خیز زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا تھا اور اتنا عرصہ ہونے کے باوجود نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ اب تک مکمل نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں ہولناک زلزلے کے باعث تقریباً 70 ہزار افراد جاں بحق اور ہزاروں املاک منہدم ہوگئی تھیں۔