راولپنڈی:پاکستان نے غوری میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے،غوری بیلسٹک میزائل 1300 کلومیٹر تک نشانے کو ہدف بنا سکتا ہے اور روایتی و ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غوری میزائل کا تجربہ پاک فوج کی اسٹریٹیجک کمانڈ کی جانب سے کیاگیا، جس کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاریوں کو جانچنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل میاں محمد بلال حسین نے میزائل تجربہ کا مشاہدہ کیا، اس موقع پر چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک اور چیئرمین کے آر ایل طاہر اکرام بھی موجود تھے۔